مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی پارٹی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پاکستانی وزير اعظم نواز شریف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف پاکستان کے کرپٹ ترین اور ٹیکس چور وزیراعظم ہیں ان سے بہتر تو آصف زرداری تھے۔ اوکاڑہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں انصاف کا نہیں بلکہ ظلم کا نظام ہے، کوئی بھی قوم تگڑی فوج اور پیسوں سے نہیں بلکہ انصاف کے لیے جدوجہد کرنے سے اوپر جاتی ہے ہم نے ابھی ایک عظیم قوم بننا ہے۔
عمران خان نے پاکستان کی معاشی حالت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا قوم کو 150 ارب روپے کی میٹرو کی ضرورت تھی یا اسپتالوں اور اسکولوں کی ضرورت تھی، ملک میں ڈھائی کروڑ بچے اسکول نہیں جاتے ، لاکھوں بچے اسپتال نہ ہونے کی وجہ سے مررہے ہیں مگر ہمارے وزیراعظم بھکاریوں کی طرح آئی ایم ایف سے قرضے مانگ رہے ہیں جس سے ہر پاکستانی کو ایک لاکھ سے زائد کا مقروض کردیا گیا ہے اوراس کی بھرپائی پاکستان کے ہر نوجوان کو کرنا ہوگی۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ نوازشریف پاکستان کے کرپٹ ترین انسان اور ٹیکس چور وزیراعظم ہیں ان سے بہتر تو آصف زرداری تھے، ملک میں عوام بھوک سے مررہے ہیں اور نوازشریف قوم پر ٹیکس پر ٹیکس لگا رہے ہیں، اس لیے آج آصف زرداری کو نوازشریف سے اچھا کہنے پر مجبور ہوگیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں دنیا بھر میں کم ہوئیں اور دیگر ممالک نے 70 فیصد ریٹ کم کیے مگر نوازشریف 35 فیصد کم کرکے باقی سارا پیسہ کھا گئے اور اب عوام کو بجلی بھی مہنگی دی جارہی ہے۔
چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اس حکومت کے تمام منصوبے کرپشن کی وجہ سے مہنگے ہوتے جارہے ہیں، 22 ارب میں بننے والے نندی پور پروجیکٹ پر 84 ارب روپے لگادیئے گئے لیکن یہ پروجیکٹ صرف 5 دن چلا جب کہ اسلام آباد میں بھی 37 ارب روپے میں بننے والے ایئرپورٹ کی لاگت 100 ارب تک پہنچ چکی بتایا جائے کہ حکومت کے اس تجربے سے قوم کو کیا فائدہ ہوا۔
آپ کا تبصرہ